میانوالی سے رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ میانوالی کو عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مثالی شہر بناکردم لیں گے۔
یہ بات انہوں نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
امجد نیازی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے میانوالی میں واقع نمل یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے لیے بھیجیں جہاں ان کو بین الاقوامی معیار کی نہ صرف تعلیم فراہم کی جائے گی بلکہ ان کو ڈگری بھی برطانیہ کی معروف یونیورسٹی کی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری ہونے تک پاکستان کو عمران خان کی قیادت میں پاکستانیوں کے لیے ایک قابل فخر ملک میں بدل دے گی۔
امجد نیازی نے کہا کہ اس وقت میانوالی میں اربوں روپے کی لاگت سے درجنوں میگا پروجیکٹس کا آغاز ہوچکا ہے، جن میں یونیورسٹی آف میانوالی، دو سو بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا قیام، ضلع کے تمام اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، نہروں اور نالوں کی تعمیر نو، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور نئے تعلیمی اداروں کی تعلیم کے منصوبوں کا آغاز، نہر عمر کس منصوبہ، ضلع کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کا آغاز، میونسپل کمیٹی میانوالی کو چار کروڑ سے زائد کی مشینری کی فراہمی، پاک فوج کے آرمی ریکروٹمنٹ سینٹر کا قیام اہم منصوبوں میں شامل ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں پی سی سی روڈ اور سیوریج منصوبوں کی تکمیل شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی موجودہ حکومت کے دور میں ایک پسماندہ علاقے سے نکل کر ملک کے ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہوجائے گا جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔
امجد نیازی نے کہا کہ ایسے منصوبے صرف میانوالی میں نہیں بلکہ پاکستان کے ہر شہر میں شروع کیے گئے ہیں اور جہاں ایسے منصوبے شروع نہیں ہوسکے ہیں وہاں کے عوام اپنے رکن اسمبلی سے سوال کرسکتے ہیں کہ ان کے حلقے میں ترقیاتی کام اب تک شروع کیوں نہیں کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے نقش قدم اور عمران خان کے وژن پر چلتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر حد تک جانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔