• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن سیکروں تعمیرات بلڈوز، مزاحمت پر 8 افراد گرفتار

پشاور(سٹی رپورٹر)پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے کوہاٹ روڈ پر 650 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسودکی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشادعلی سوڈھر ‘ اسسٹنٹ کمشنر الطاف احمد شیخ، تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز،ایکسیئن و ایس ڈی او سی اینڈ ڈپلیو، ٹی ایم اوز ٹائون تھری اور فور، ایس پی ٹریفک، ریونیوفیلڈ سٹاف نے کوہاٹ روڈ پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ اس موقع پر کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران کوہاٹ روڈ پر قمردین گڑھی چوک رنگ روڈ سے سکیم چوک تک روڈ کے دونوں اطراف میں 5,5کلومیٹر کے علاقے میں قائم تمام غیر قانونی دکانوں و مارکیٹوں اور مکانوں کی تعمیرات کو مسما ر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے زریعے 650 سے زائد تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔آپریشن کے دوران مزاحمت اور کار سرکار میں مداخلت پر 8افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کر تے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشاد سوڈھر نے کہا کہ کوہاٹ روڈ پر رنگ روڈ چوک قمر دین گڑھی سے آپریشن شروع کیا گیا ہے اور یہ آپریشن کوہاٹ روڈ پر تمام غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کوہاٹ روڈ کے بعد پشاور شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائیگا اور پشاور شہر میں تجاوزات کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہیگا۔ 
تازہ ترین