• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنماؤں اور سردار اختر مینگل کی ملاقات بے نتیجہ رہی

پی ٹی آئی رہنماؤں اور سردار اختر مینگل کی ملاقات بے نتیجہ رہی


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی سردار اختر مینگل کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔

ملاقات کے بعد وفاقی وزیر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بی این پی کے تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا، آئندہ بھی سردار صاحب کے ساتھ نشستیں ہوں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی یقین رکھتی ہے ہر حصے کو ترقی اور حقوق نہ ملے تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ پارٹی کے فیصلہ کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا، ہم نے اپنے تحفظات حکومتی وفد کے سامنے رکھ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اب تک کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ سردار اختر مینگل نے تین روز پہلے قومی اسمبلی میں کھڑے ہوکر حکومتی اتحاد چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت گذشتہ روز کور کمیٹی اجلاس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اتحادیوں کو منانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کیےجائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کور کمیٹی کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی بی این پی سے ملاقات کرے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کو فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ہفتے کو جے یو آئی (ف) کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو بلوچستان کے مسائل کو حل کرے۔

اختر مینگل نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے ایوان میں حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی واجد جماعت ہے جس نے ایسا کیا، ہم پہلے بھی حکومت کو وارننگ دیتے رہے ہیں۔

تازہ ترین