پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی قبر پر فاتحہ خوانی کی ۔
بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز کراچی سے گڑھی خدا بخش روانہ ہوئے تھے، ان کے ہمرا ہ تین قریبی ساتھی اور ان کے پی اے بھی موجود تھے۔
پی پی چیئرمین نے گڑھی خدا بخش پہنچ کر اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی اور بے نظیر بھٹو کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قبر پر پھول بھی رکھے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نیر بخاری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید آج بھی جمہوری پاکستان کی پہچان ہیں۔
نیر بخاری کا کہنا تھا کہ پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو بے مثال رہنما تھیں، بی بی شہید نے جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی کیلئے تاریخی جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بی بی کے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کی فکر پر قائم ہے، قومی رہنما نے انسانیت دشمن دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔
نیر بخاری کا کہنا تھا کہ زبردستی نظریہ مسلط کرنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔