پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی67 ویں سالگرہ آج اکیس جون کو منائی جارہی ہے اس سلسلے میں ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔
1953 کوکراچی میں ذوالفقارعلی بھٹو کے گھر پیدا ہونے والی بینظیر بھٹو نے برطانیہ اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ابھی انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی ہی تھی کہ ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا۔
والد کو پھانسی کے بعد بے نظیر بھٹو کو نظر بندی اور جلا وطنی کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔ 1986میں بے نظیر بھٹو وطن واپس آئیں اور 1987 میں آصف علی زرداری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
1988 میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کے کسی ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت کو برطرف کردیاگیا۔
1993 میں وہ دوسری مرتبہ برسراقتدار آئیں لیکن 1996 میں ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ 1998 میں انہوں نے پھر جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس پہنچی تو ان پر پہلا حملہ ہوا جس میں وہ تو بچ گئیں لیکن 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
پہلے حملے کے ٹھیک 2ماہ 9 دن بعد 27 دسمبر 2007 راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ان پر دوسرا حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہوگئیں۔