• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کی جارحانہ پالیسی نے چین اور بھارت کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت اور چین کی افواج کے درمیان جھڑپوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کا ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو قرار دیدیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جارحانہ پالیسی نے بھارت اور چین کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی پڑوسی کے نئی دلی کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کے اس رویے کا انجام خطے میں قیام امن کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ہندوتوا ایجنڈے کے پھیلاؤ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔


واضح رہے کہ چین اور بھارتی افواج کی لداخ کے متنازع علاقوں میں جھڑپیں ہوئیں جن میں افسران سمیت 20 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

چین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے مقررہ حد پار کرکے چینی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کی تھی جس پر جھڑپ ہوئی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسی کو اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت نے چین کے سامنے سرنڈر کردیا ہے۔

تازہ ترین