• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرافت کی زبان سب کو سمجھ نہیں آتی : سونو نگم

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے  بالی ووڈ صنعت میں اقربا پروری کے حوالے سےبحث جاری ہے۔ اس حوالے سے گلوکار سونو نگم نے ایک وی لاگ شئیر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شئیر کئے جانے والے اپنے 03 منٹ اور 53 سیکنڈ پر مبنی وی لاگ بعنوان ’لاتوں کے مافیا باتوں سے نہیں مانتے‘ میں انہوں نے کہا کہ ’لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے اور ’شرافت کی زبان سب کو سمجھ نہیں آتی۔‘

اپنے وی لاگ کے آغاز میں انہوں نے معروف میوزک کمپنی ٹی- سیریز کے مالک بھوشن کمار کا نام لے کر ان کو کہا کہ انہوں نے غلط آدمی سے ’پنگا‘ لے لیا ہے اور اب ان کا نام  سب کے سامنے لینا ہی پڑے گا۔

واضح رہے کہ  بالی ووڈ میں اقراباپروری کے حوالے سے معروف بھارتی ٹی وی چینل پر مباحثے میں میوزک انڈسٹری کے چھ گلوکاروں اور موسیقاروں کو دو دن پہلے مدعو کیا گیا اور ان سے سونو نگم کے خیالات کہ بھارتی میوزک انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، کے بارے میں پوچھا گیا تو پینل میں موجود تمام افراد نے اس تاثر کو زائل کیا کہ میوزک انڈسٹری میں اقربا پروری ہوتی ہے۔

اس مباحثے سے قبل سونو نگم نے اپنی ایک ویڈیو میں  کسی کا نام لیے بغیر دو میوزک کمپنیوں کے مالکان کو ’مافیا‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج سوشانت سنگھ مرا ہے مگر کل کو آپ کسی گلوکار کے بارے میں یا کمپوزر یا گیت نگار کے بارے میں سن سکتے ہیں کیونکہ فلموں سے بڑا مافیا میوزک انڈسٹری میں موجود ہے۔‘

اس پروگرام کے جواب میں سونو نگم نے اپنے وی لاگ میں پروگرام کے شرکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا اور ’لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے اور ’شرافت کی زبان سب کو سمجھ نہیں آتی۔‘

یہ بھی پڑھیے : میوزک انڈسٹری سے خودکشی کی خبر آسکتی ہے، سونو نگم

انہوں نے کہا کہ بھوشن کمار کے ساتھ ماضی کے مبینہ قصوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھوشن کمار ان کے پاس البم کرنے کے لیے فریاد لے کر آیا کرتے تھے۔

سونو نگم نے بھوشن کمار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’شاید تم وہ وقت بھول گئے ہو جب میرے پاس آیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ بھائی مجھے سمتا ٹھاکرے، بال ٹھاکرے سے ملوا دو، مجھے ابو سلیم سے بچا لو، وہ مجھے فون پر گالیاں دے رہا ہے۔‘

انہوں نے بھوشن کمار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا  کہ’اب تم میرے منہ مت لگنا۔ مرینہ کوار یاد ہے نا؟ وہ کیوں بولی، کیوں پیچھے ہٹی یہ سب میڈیا کو پتا ہے اور اس کی ویڈیو میرے پاس پڑی ہے، اب اگر تو نے مجھ سے پنگا لیا تو وہ ویڈیو میں اپنے یوٹیوب چینل پر ڈال دوں گا۔‘

واضح رہے کہ بال ٹھاکرے شیو سینا کے سابق سربراہ ہیں جبکہ سمتا ٹھاکرے ان کی بہو اور فلم پروڈیوسر بھی ہیں۔ شیو سینا دائیں بازو کی ہندو جماعت ہے جو کہ ہندوتوا میں یقین رکھتی ہے اور ماضی میں مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف مظاہروں میں شامل رہی ہے۔

ابو سلیم بھارت کا مشہور ڈان ہے جس پر 1993 کے ممبئی حملوں کا بھی الزام تھا۔

تازہ ترین