وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کا عملہ واپس آئےگا تو بھارت کا عملہ بھی واپس جائے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت بھی اپنے ہائی کمیشن کے 50 فیصد عملے کی واپسی کا سامان باندھے، بھارت جیسا کرے گا ویسا ہی جواب دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ہاتھوں شرمندگی کے باعث بھارت منہ چھپاتا پھر رہا ہے، بھارت کے پاکستانی ہائی کمیشن عملے پر الزامات بے بنیاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیے
شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ بھارتی الزامات کو وزارت خارجہ نے مسترد کردیا ہے، بھارتی الزامات پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، جواب دینگے۔ بھارت فالس فلیگ آپریشن کیلئے بہانے تلاش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کیساتھ سلوک دنیا دیکھ رہی ہے۔ خود بھارتی عوام ہندوتوا سوچ سےنالاں ہیں۔ پاکستان دشمنی کا منجن بیچ کر ہی مودی سرکار جیتی ہے، بی جے پی کو 5 ریاستوں میں شکست ہوئی پھر پلواما ڈرامہ رچایا گیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ اوآئی سی رابطہ گروپ نے بھارتی اقدامات کو مسترد کیاہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں کارروائیوں کو مسترد کیا گیا، عالمی برادری آج بھارت کو خطے کے لیےامن اور خطرہ سمجھتی ہے۔