بھارتی لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل خان نے بھارتیوں کی جانب سے بالی ووڈ کو سوشانت سنگھ کی موت کی وجہ ٹھہرانے کو انتہائی فضول حرکت قرار دے دیا ہے۔
رواں ماہ 14 جون کو خودکشی کرنے والے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے بھارتی عوام میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے اور وہ اس موت کی وجہ بالی ووڈ کی کچھ نامور شخصیات کو ٹھہراتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ایسے میں بھارتی لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک پیغام سامنے آیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بابیل خان نے اپنے والد عرفان خان اور اداکار سوشانت سنگھ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے اس سال انتہائی دو مخلص انسانوں کو کھو دیا ہے اور جس طرح سے سوشانت اس دُنیا سے رخصت ہوا ہے تو ہمارے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔‘
بابیل خان نے لکھا کہ ’ہم فطری طور پر سوشانت سنگھ کی موت کے بعد الزام تراشی پر اُتر آئے ہیں جوکہ ایک انتہائی فضول کام ہے کیونکہ اس سے صرف امن ہی خراب ہوگا اور اس واقعے کی آڑ میں ایک کھیل کھیلا جارہا ہے۔‘
اُنہوں نے بھارتی عوام سے گزارش کرتے ہوئے لکھا کہ ’براہ مہربانی بدقسمتی سے ہونے والے اس واقعےکے لیے کسی کو بھی قصور وار مت ٹھہرائیں، زندگی ایک گھومتے ہوئے اسپین کی طرح ہے جسے کوئی نہیں سمجھ سکتا ہے۔‘
بابیل نے لکھا کہ ’براہ مہربانی اس واقعے کی چھان بین کرنا بند کریں کیونکہ اس سے سوشانت کے پیاروں کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہ تکلیف میں ہیں اُنہوں نے اپنے پیارے کو کھویا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمیں تو ان لیجنڈز کو یاد کرنا چاہیے کہ کیسے انہوں نے اپنی زندگی گزاری اور کیسے کامیابیاں اپنے نام کیں۔‘
بابیل نے مزید لکھا کہ ’سوشانت کی موت کو بہانے کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے سچائی کے ساتھ کھڑے ہوں، اگر آپ واقع بالی ووڈ اقربا پروری کے خلاف اپنی آواز بلند کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں لیکن سوشانت کی موت کا استعمال نہ کریں۔‘
واضح رہے کہ رواں ماہ 14 جون اتوار کے روز سوشانت سنگھ راجپوت نے گلے میں پھانسی کا پھندہ ڈال کر خودکشی کی تھی اور اس واقعے کی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ اداکار ڈپریشن کے مریض تھے۔
دوسری جانب رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔