گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع اور ملحقہ علاقوں میں پیٹرول پمپس پر ڈیزل کی قلت برقرار ہے جبکہ دھان کی فصل کاشت کرنے والے کسان شدید پریشان ہیں۔
گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور ملحقہ علاقوں میں پیٹرول پمپس پر ڈیزل ان دنوں ناپید ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق دھان کی فصل کا سیزن شروع ہونے سے ڈیزل کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا جس کے باعث ڈیزل کی قلت اور بھی شدت اختیار کر گئی۔
اس وقت 70 فیصد سے زائد پیٹرول پمپس پر ڈیزل دستیاب نہیں، ڈیزل نہ ملنے سے گوجرانوالہ ریجن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھان کی فصل کاشت کرنے والے کسان شدید پریشان ہیں۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی فوری دستیابی کو یقینی نہ بنایا گیا تو نہ صرف دھان بلکہ دیگر فصلوں کی کاشت میں بھی تاخیر ہوگی، جس سے ذراعت سے وابستہ افراد کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔