پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی اور لاہور میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی سو روز سے زائد طویل غیر قانونی گرفتاری کے خلاف جنگ و جیو گروپ کے ورکرز، سیاسی جماعتوں اور صحافتی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے راولپنڈی میں احتجاج کیا۔
شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت اور جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔
ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری اور جنگ، جیو اور دی نیوز کو بند کرنے کی کوششوں کے خلاف لاہور میں بھی احتجاج جاری ہے۔
لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ کو 103 دن ہوگئے ہیں، جنگ اور جیو کے کارکنوں کے علاوہ وکلاء برادری اور پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔
شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی حراست کی شدید مذمت کی۔
احتجاج میں میں شریک جنگ، جیو اور دی نیوز کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ صحافت کے سُرخیل میر شکیل الرحمٰن کو قید میں رکھنا آزادی اظہار کو سلب کرنے کے مترادف ہے، ہمارا عزم بلند ہے اور آزادی صحافت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو فوری اور باعزت رہا کیا جائے۔