لاہور(خبر نگار،خصوصی رپورٹر، نمائندہ خصوصی) پنجاب یونیورسٹی کے سابق ڈین اور ادارہ علوم ابلاغیات کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال کر گئےوزیراعلیٰ عثمان بزدار اور دیگر نے انکے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کی نماز جنازہ پنجاب یونیورسٹی جاگنگ ٹریک میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے پڑھائی اور یونیورسٹی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا. نماز جنازہ میں پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری،صحافی مقصود بٹ ،سلمان غنی،نوید چوہدری،نجم ولی خان، رؤف طاہر،عطاء الرحمان، سلمان عابد،پنجاب یونیورسٹی آسا کے صدرپروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، فرید پراچہ، عدنان رشید اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مغیث کے انتقال پر وزیر اعلی عثمان بزدار، وائس چانسلر لاہور کالج یونیورسٹی ڈاکٹر بشری مرزا صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، پنجاب یونیورسٹی کےوائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد،پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، ڈائریکٹر آئی سی ایس پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم اور فیکلٹی ممبران نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔