انتہائی کم عرصے میں پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنا نام بنانے والی معروف اداکارہ حرا مانی ڈراموں کے بعد اب انسٹاگرام پر بھی اپنے قدم جمانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
پاکستان کے متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ حرا مانی کے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 4 ملین یعنی 40 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں اور اس سنگ میل کو عبور کرنے کے بعد حرا مانی بھی اُن پاکستانی فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد زیادہ ہے۔
اِس ضمن میں حرا مانی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کے ساتھی اداکار انسٹاگرام پر اُن کے 4 ملین فالوورز ہونے پر ناصرف اُنہیں مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں بلکہ حرا مانی کو تحائف بھی دیے جا رہے ہیں۔
اِس کے علاوہ حرا مانی نے انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں اداکارہ کسی سوچ میں گم نظر آرہی ہیں۔
تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے حرا مانی نے لکھا کہ ’سوچو تو ذرا، دیکھو تو ذرا، یہ ہے آپ کی حرا مانی۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے کبھی کبھی اپنی پوسٹ کے لیے کیپشن سمجھ ہی نہیں آتا کہ کیا لکھو۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ صبا قمر کے انسٹاگرام پر 3 ملین یعنی 30 لاکھ فالوورز ہوئے تھے۔
انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں نامور اداکارہ ایمن خان سب سے آگے ہیں جن کے اِس وقت 6 اعشاریہ 5 ملین یعنی 65 لاکھ فالوورز ہیں۔
دوسرے نمبر پر عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان ہیں جن کے انسٹاگرام پر 6 اعشاریہ 2 ملین یعنی 62 لاکھ فالوورز ہیں۔
انسٹاگرام فالوورز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’مہر پوش‘ میں ’مہرو‘ کا کردار نبھانے والی عائزہ خان ہیں جن کے انسٹاگرام پر 6 اعشاریہ ایک ملین یعنی 61 لاکھ فالوورز ہیں۔