پنجاب کے چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک کی زیرِ صدارت کیمپ آفس لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دائرہ کار کو بڑھانے پر غور کیا گیا۔
دورانِ اجلاس رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ انتظامی افسران اپنے اضلاع میں زیادہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کریں، رپورٹس کی روشنی میں ان علاقوں تک لاک ڈاؤن کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں ہول سیل اور دیگر مارکیٹوں میں کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے بازاروں کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ ایس او پیز میں دیئے گئے استثنیٰ کے علاوہ مزید کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیئے: پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بہاول پور میں 71، ملتان 824، ڈی جی خان میں 650، ساہیوال میں 450، فیصل آباد میں 92، سرگودھا میں 1600، گوجرانوالہ میں 99 اور شیخوپورہ میں 1847 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے
چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ہدایت دی کہ تمام انتظامی افسران کل تک صوبے میں فعال اور غیر فعال فلار ملوں کی تفصیلات فراہم کریں۔