• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں وزیر اعظم کے وژن کی تعریف ہورہی ہے، علی زیدی



وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہمارے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی تعریف ہورہی ہے، پاکستان نے سب سے زیادہ شرح سود میں کمی کی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ کورونا میں 1 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو 12 ہزار روپے دیئے گئے، ٹڈیوں کے حملے اور کورونا کے باوجود 9 ماہ میں 17فیصد ٹیکس زیادہ اکٹھا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود لندن گیا ایک دن تقریر کرکے واپس آگیا، مجھے بتایا گیا پہلے وزراء آتے تھے ایک ایک دو دو ہفتے رہتے تھے، میں نے بحری امور کو بہتر بنانے کے لیے اپنا عوام سے رابطے کا نظام دیا۔

علی زیدی نے کہا کہ ایک اور جیٹی بن گئی ہے جلد افتتاح ہوگا، کے پی ٹی نے 2.2ارب روپے خزانے میں جمع کرادیئے، پورٹ قاسم پر ملکی تاریخ میں پہلی بار 270 جہاز لنگر انداز ہوئے، گوادر پورٹ سے متعلق تمام قانونی معاملات کلیئر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے پہلی دفعہ بلو اکنامی کی بات کی تو کوئی نہیں سمجھا، میری ٹائم سے جڑے تمام افراد مجھےبراہ راست شکایات دے سکتےہیں۔

علی زیدی نے کہا کہ 2010 سے کے پی ٹی کا کبھی آڈٹ نہیں ہوا، کے پی ٹی کے اسپتال کا بھی آڈٹ شروع ہوگیا ہے، پورٹ قاسم اتھارٹی کا بھی آڈٹ نہیں ہوا تھا، ہم نے ایک انچ پورٹ قاسم کی زمین نہیں بیچی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم کا 2008 سے 2016 تک کا آڈٹ ہم نے مکمل کرالیاہے، پورٹ قاسم خطے کا واحد پورٹ تھا جو کورونا کی صورتحال میں کھلا رہا۔

علی زیدی نے یہ بھی بتایا کہ پورٹ قاسم میں ایک ملین میگروز اگانے کی مہم شروع کردی ہے۔

تازہ ترین