• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ آصف کا وزیراعظم کو مناظرے کا چیلنج


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دیدیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کا ایوان میں لہجہ معذرت خواہانہ تھا، وزیراعظم خود ایک کورونا ہیں، جو اس ملک سے چمٹ گیا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ وزیرِاعظم نے تقریر میں تاریخ پر جو لیکچر دیا اس کی تصحیح ضروری ہے، مغلیہ دور کی تاریخ انہوں نے غلط بیان کی۔

یہ بھی پڑھیے: لاک ڈاؤن کے حوالے سے پالیسی واضح تھی، وزیر اعظم

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ہاؤس کو ان پڑھ نہ سمجھیں، بھاشن اپنی جماعت کو دیں، انہوں نے جو اعداد و شمار بتائے کیا وہ ان کو کنٹینر پر یاد نہیں تھے؟

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی تقریر فرمائشی تھی، وزیر اعظم کا لہجہ معذرت خواہانہ اور منت سماجت والا تھا۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ دو سال ہو گئے ملکی تاریخی میں کوئی وزیراعظم اتنا کم ایوان میں نہیں آیا جتنا عمران خان آئے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اب ہم نے کورونا برآمد کرنا شروع کر دیا ہے، آسٹریلیا کہہ رہا ہے کہ ہمارے ہاں پاکستان سے کورونا آیا۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت مان لے کورونا سے لڑنے کے لیے تیار نہیں، بلاول

انہوں نے کہا کہ یہ جو مرضی کر لیں، قوم پر اترنے والا عذاب ختم کرنا ہے تو ان سے جان چھڑانا ہو گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کو سیکیورٹی کونسل میں مسلمان ممالک نے ووٹ دیے، وزیر اعظم صاحب، اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ دو سال میں اپوزیشن کے تعاون کرنے کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی، یہ سیاست چھوٹے شہروں کے قصبوں میں ہوتی ہے جو وزیر عظم نے دو سالوں میں کی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم جب قوم سے وعدے کر رہے تھے تو ان کو اعداد و شمار چیک کرنے چاہئے تھے، اگر اتنی بری صورت حال تھی تو وعدے نہ کرتے۔

یہ بھی پڑھیے: اسامہ کو ’شہید‘ کہنے پر اپوزیشن کی وزیراعظم پر تنقید

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے آج بھی غلط اعداد و شمار ایوان میں پیش کیے، خدا کا واسطہ وزیر اعظم یہاں آکر تاریخ اور جغرافیہ پر لیکچر نہ دیا کریں۔

وزیراعظم عمران خان کے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا ہے، یہ شخص دنیا میں دہشت گردی لے کر آیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسامہ بن لادن نے میرے ملک کو برباد کیا، وہ اول و آخر دہشت گرد تھا۔

تازہ ترین