• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مان لے کورونا سے لڑنے کے لیے تیار نہیں، بلاول بھٹو زرداری

حکومت مان لے کورونا سے لڑنے کے لیے تیار نہیں، بلاول بھٹو زرداری


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت مان لے کہ کورونا سے لڑنے کے لیے تیار نہیں، اگر تیار ہیں تو ڈاکٹرز اور طبی عملہ کیوں رو رہا ہے۔ ہمارا وزیراعظم الیکٹڈ نہیں، سلیکٹڈ ہے، اگر وزیراعظم الیکٹڈ ہوتا تو اسے عوام کو بچانے کا خیال ہوتا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر سے لگ رہا تھا بجٹ نہیں سمیٹ رہے حکومت کی آخری تقریر کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کا ایک بھی ملک نہیں جو کورونا کا مقابلہ کرسکتا ہے، امریکا اور برطانیہ کے صحت کا نظام بھی کورونا مسئلہ نہیں سنبھال سکتا تو پاکستان کا صحت کا انفرا اسٹرکچر کیسے کورونا بحران کو سنبھال سکتا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم کی پہلے دن، دوسرے دن اور تین ماہ بعد بھی کورونا پر کوئی پلاننگ نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج سب سے زیادہ کورونا کیسز سے ریکوری سندھ میں ہو رہی ہے، ریجن میں سب سے زیادہ ٹیسٹ بھی سندھ میں ہوئے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے تمام صوبوں کو خط لکھا کہ دو ہفتے کا لاک ڈاؤن کریں، لیکن اگر آئی ایم ایف کو خوش کرنا ہے، قرضے واپس کرنے ہیں تو لاک ڈاؤن نہ کریں لیکن کوئی اقدامات اُٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم کورونا سے لڑنے کے لیے تیار ہیں تو پھر ہمارے لوگ کیوں مر رہے ہیں، وبا پھیل رہی ہے ہم ڈاکٹرز پیرامیڈکل اسٹاف کو مراعات اور تنخواہیں دینے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی خارجہ پالیسی کمزور تھی، آپ نے مودی کی انتخابی مہم چلائی، آپ نے کہا کہ مودی وزیراعظم بنے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے جو سی پیک کے ساتھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کو لیکچر دینے کا شوق ہے، لیکن خود لیکچر پر عمل کرنے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی وزیراعظم تقریر کرکے چلےگئے، اگر بحث کرنی ہے تو ہمارا جواب دینا پڑے گا، میں وزیراعظم کو چیلنج کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ میں یا ٹی وی پر بحث کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم بزدل ہیں جواب نہیں دیتے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کا اپنا اکنامک سروے منفی ترقی بتاتا ہے، لاک ڈاؤن سے پہلے بھی حکومت منفی گروتھ میں تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاکھوں گھروں کا وعدہ کیا جو پورا نہیں کر سکے، اسی وجہ سے ہم کہتے ہیں کہ کورونا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ کہ وہ پارلیمنٹ آئے، انہوں نے بجٹ نہیں بلکہ حکومت سمیٹنے کی تقریر کی۔

تازہ ترین