• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر کبیر علی شاہ گیلانی کی تعلیمات کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کریں گے، پیر احمد معطفین شاہ

بولٹن (ابرار حسین) عالمی مبلغ اسلام پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے مذہبی شعار کی سربلندی کے لیے جو شمع روشن کی اسے ہر حالت میں جاری رکھا جائے گا، اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنے میں آبائو اجداد کی گرانقدر خدمات موجودہ نسل کے لیے ایک مشعل راہ ہیں، اس پر کاربند رہنا تمام مسلمانوں کا فرض ہے، ان خیالات کا اظہار قمرالمشائخ پیر سید احمد مصطفین شاہ گیلانی مجددی جانشین تاجدار چورہ شریف نے یہاں میلاد ہائوس بولٹن میں منعقدہ ایک تعزیتی ریفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں و ائرس کے باعث چیدہ چیدہ مریدن اور عقیدت مندوں کے علاوہ علامہ مفتی نصیر اللہ نقشبندی، مولانا عبدالرزاق، مولانا کبیر قمر، سید تصور حسین شاہ، مولانا محمد مبارک، مولانا بابر حسین اور دیگر نے شرکت کی، انہوں نے اپنے خطاب اور قبلہ پیر صاحب کے وصال کے بعد جانشین چورہ شریف کی حیثیت سے پہلی بار جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حضرت پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی اگرچہ میرے والد تھے، تاہم ان کی رہنمائی اور خاص طور پر اسلامی تعلیمات کی رہنمائی میرے لیے بہت بڑی سعادت ہے اور اگر قدرت نے مجھے وقت دیا تو ان کی تعلیمات کو عام مسلمانوں تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا، انہوں نے کہا، قبلہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے عورتوں کے حقوق چادر اور چار دیواری کے تحفظ کے لیے جو کانفرنسیں منعقد کی تھیں اس کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی کے چاہنے والوں کی تعداد مزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں میں ہے، اندرون اور بیرون ملک تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، آنے والے دنوں میں تمام احباب کے ساتھ رابطے جاری رکھے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرنے میں آستانہ عالیہ چورہ شریف کی خدمات کی ایک بہت بڑی تاریخ ہے اور اس کو مزید آگے برھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہر نفس کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق قبلہ پیر صاحب آخرت کے سفر پر روانہ ہوگئے ہیں، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند کرے ۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آنے والے وقتوں میں قبلہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی کے چاہنے والوں سے اظہار تعزیت کے لیے بیرون ملک کا دورہ کریں گے اور اس دورے کا آغاز برطانیہ سے ہوگا دورے کے مکمل پروگرام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین