• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سید منور حسن انتقال کر گئے


جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے، انتقال کے وقت ان کی عمر 79 برس تھی۔

جماعتِ اسلامی کے رکنِ سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے سید منور حسن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ طویل عرصے سے علیل اور مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سید منور حسن اگست 1941ء میں دہلی میں پیدا ہوئے، 1947ء میں وہ خاندان کے ہمراہ پہلے دہلی سے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی پہنچے۔

سید منور حسن نے ابتدائی تعلیم جیکب لائن کراچی کے اسکول سے حاصل کی، انہوں نے 1963ء اور 1966ء میں جامعہ کراچی سے عمرانیات اور اسلامیات میں’ایم اے‘ کے امتحانات امتیازی حیثیت سے پاس کیے۔

انہوں نے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے طلباء سیاست کا آغاز کیا، وہ 1959ء میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

سید منور حسن جون 1960ء میں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے، اکتوبر 1962ء میں انہوں نے رکنِ جمعیت کی حیثیت سے حلف اٹھایا، وہ 1962ء میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم جبکہ 1963ء میں جمعیت کراچی کے ناظم رہے۔

27 دسمبر 1964ء کو سید منور حسن کو اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظمِ اعلیٰ منتخب کیا گیا، وہ 1967ء تک مسلسل 3 مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ رہے۔

سید منور حسن نے 1968ء میں جماعتِ اسلامی پاکستان میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے جماعتِ اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دیے، وہ جماعتِ اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوریٰ اور مجلسِ عاملہ کے بھی رکن منتخب ہوئے۔

1977ء کے عام انتخابات میں منور حسن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل الدین عالی کا مقابلہ کیا، قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لینے کا ریکارڈ قائم کیا۔

سید منورحسن اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی کے ڈائریکٹر بھی رہے، ان کی نگرانی میں اس اکیڈمی نے 70 سے زائد علمی کتب شائع کیں، انہوں نے اسلامک ریسرچ اکیڈمی سے شائع ہونے والے جریدے The Criterion اور The Universal Message کی ادارت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیئے:

سیلِ بلا کے بعد!.....سید منور حسن…امیر جماعت اسلامی

سید منور حسن کے نام ایک خط

سید منور حسن جنوری 1989ء سے نومبر 1991ء تک جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر کے منصب پر فائز رہے، 1992ء میں جماعتِ اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر کیے گئے۔

سید منور حسن 2009ء میں بھاری اکثریت سے جماعتِ اسلامی پاکستان کے چوتھے امیر مقرر ہوئے ، وہ 2014ء تک بطور امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان اس منصب پر فائز رہے۔

مرحوم سید منور حسن کی نمازِ جنازہ کل (ہفتہ 27 جون کو) بعد نمازِ ظہر ڈیڑھ بجے عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں سید منور حسن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

تازہ ترین