• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروبار کیلئے ٹک ٹاک ایپ لاؤنچ کرانے کا فیصلہ

میوزک اینڈ سوشل ایپ ٹک ٹاک کے عہدیداروں نے ٹک ٹاک کی دوسری ایپ بھی متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ کاروبار کے لیے استعمال کی جائے گی اور اس ایپ کا نام ’ٹک ٹاک فار بزنس‘ ہوگا۔

دُنیا بھر میں مقبول میوزک اینڈ سوشل ایپ ٹک ٹاک کو بڑے پیمانے پر نوجوان نسل انٹرٹینمنٹ کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے اور اس ایپ کے ذریعے نوجوان اپنے اندر چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو ناصرف دُنیا کو دکھا رہے ہیں بلکہ بہت سے نوجوان تو اس ایپ کے ذریعے پیسے بھی کماتے نظر آرہے ہیں۔

اب کچھ خبریں یہ بھی سامنے آرہی ہیں کہ ٹک ٹاک ایپ کے عہدیدار ایک اور ٹک ٹاک ایپ متعارف کروا رہے ہیں جوکہ صرف مارکیٹنگ کے شعبے کے لیے استعمال کی جائےگی، اس ایپ کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اِس ٹک ٹاک ایپ کے ذریعے مختلف برانڈز کو اپنی پروڈکٹس کے لیے اشتہاری مہم چلانے کی سہولت مل سکے گی اور وہ دیگر کاروباری تخلیق کاروں کے ساتھ بھی تعاون کرسکیں گے، اس کے علاوہ برانڈز کو ٹاپ ویو تک رسائی حاصل ہوگی اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ٹک ٹاک ایپ کی مرکزی اسکرین پر اپنے اشتہارات چلا سکیں گے۔

ٹک ٹاک فار بزنس ایپ میں برانڈز کو صرف 3 سے 5 سیکنڈز کے اشتہارات بنانے کی اجازت ہوگی جو تصاویر اور ویڈیوز پر مبنی ہوں گے، اس کے علاوہ برانڈز اپنے پروڈکٹس کی بنائی گئی 60 سیکنڈز تک کی ویڈیوز بھی اس ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے جس میں ٹرینڈنگ ہیش ٹیگز کا استعمال کیا جائے گا اور ٹک ٹاک اسٹارز کو اُن ہیش ٹیگز کو استعمال کرکے ویڈیوز بنانے کے لیے مدعو بھی کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بہت جلد ایک لرننگ سینٹر بھی کھولا جائے گا جہاں برانڈز کو ایپ’ٹک ٹاک فار بزنس‘ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی اور اُنہیں بتایا جائے کہ کس طرح اس ایپ پر کاروبار کیا جاسکتا ہے۔

اِس ضمن میں ٹک ٹاک کی ایم ڈی کیٹی پورس کا کہنا ہے کہ اس کاروباری ایپ کو آغاز کرنے کا مقصد ہے کہ ہم کاروباری برادری کے ساتھ مل کر مزید اچھا کام کرسکیں۔

تازہ ترین