• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری پر تشدد کرنیوالے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، اجمل وزیر

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہری پر تشدد اور اس کی ویڈیو بنانے کے حوالے سے کہا کہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی۔

اجمل وزیر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لئے ہائیکورٹ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے، چیف جسٹس سے ایک رکنی کمیشن کے لیے جج نامزدگی کی استدعا کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ میں ملزمان کا تعین ہوگا، ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے گی تاکہ سب حقائق سے باخبر ہوں۔

اجمل وزیر نے اس واقعےکے خلاف احتجاج کرنے والوں کے لیے کہا کہ واقعے پر احتجاج کرنے والے سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں۔

اُنہوں نے کہاکہ حکومت انصاف کے تمام تقاضے پورے کر رہی ہے، چند لوگوں کے غلط کام کے باعث پوری پولیس فورس کو برا کہنا ٹھیک نہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نےکورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کی استعداد بڑھا رہے ہیں، 31 جولائی تک اسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی بیڈز 1644 تک بڑھائے جائیں گے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ آئی سی یو بیڈز کی تعداد بھی 330 تک بڑھائی جائے گی جبکہ یومیہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد جولائی کے آخر تک 10 ہزار ہو جائے گی۔

تازہ ترین