• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبوں نے یکساں نظام تعلیم پرتعاون کیا، شفقت محمود

صوبوں نے یکساں نظام تعلیم پرتعاون کیا، شفقت محمود


وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صوبوں نے یکساں نظام تعلیم کے معاملہ پر تعاون کیا، پرائمری کا نصاب بن گیا ہے جس پر صوبوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے اپوزیشن کے خلوص پر کوئی شک نہیں ہے، جبکہ اپوزیشن کی تعلیم پر کٹوتی سے متعلق تحریک اس لیے مسترد کررہا ہوں کہ اس پر ان کی معلومات کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نجی اسکول کھولنےکی اجازت دی گئی تو بہت بڑی تعداد میں نجی اسکول کھل گئے، طبقاتی نظام تعلیم کو فروغ بھی اسی وقت ملا اور الگ نظام تعلیم کھڑا ہوگیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ سرکاری اسکولوں تک وہ لوگ محدود رہ گئےجو بچوں کو نجی اسکولوں میں پڑھا نہیں سکتے تھے، جبکہ مدارس نے ان بچوں کو سینے سے لگایا جن کا کوئی پرسان حال نہیں تھا، مدارس کا اپنا طرز تعلیم تھا جس کا سرکاری نصاب سے تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک کا نظام تعلیم تین حصوں میں تقسیم ہوگیا، ناہمواری کو طبقاتی نظام تعلیم کی وجہ سے فروغ ملا، ہمارے عدالتی، حکومتی، کارپوریٹ میں انگریزی نظام تھا، جبکہ سرکاری اسکول کے بچوں کے لئے اعلی ملازمتوں میں جگہ بنانامشکل ہوگیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ مدارس کا نظام بہت پیچھے رہ گیا، وہ صرف دینی تعلیم تک محدود ہوگیا، تحریک انصاف نے اپنےمنشور میں لکھا کہ یکساں تعلیمی نظام اپنانا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک میں 18ویں ترمیم کے بعد نصاب صوبائی معاملہ ہے، سارے صوبوں نے یکساں نظام تعلیم کے معاملہ پر تعاون کیا، پرائمری کا نصاب بن گیا ہے، صوبوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین