پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ کوویڈ-19 کی ٹیسٹنگ کی وجہ سے پریشانی نہیں تھی لیکن جب ساتھی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تو حیرانی ہوئی۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تمام کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس ٹیسٹنگ اور بائیو سیکیور ماحول کے جلد عادی ہوجائیں گے، کھلاڑی اپنے گھروں سے زیادہ ہوٹل میں محفوظ محسوس کر رہے ہیں، انہیں خوشی ہے کہ کرکٹ شروع ہو رہی ہے تمام کرکٹرز بہت پُرجوش ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے، اس کو دہرانے کی کوشش کریں گے کنڈیشنز کے مطابق گیم پلان ترتیب دیں گے ان کی کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر سب کو خوشیاں دیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ شائقین کا نہ ہونا بھی چیلنج ہوگا لیکن فی الحال اسی طرح کھیلنا ہے انگلینڈ میں تماشائیوں کو مس کریں گے، انگلینڈ میں تماشائیوں سے بہت سپورٹ ملتی ہے۔