• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف کئی شہروں میں احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر اِنچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، بہاولپور اور نوابشاہ میں احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے میرشکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

راولپنڈی
راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاج کیا گیا، احتجاجی کیمپ میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ ناصر چشتی، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی، آر آئی یو جے کے سیکرٹری جنرل آصف علی بھٹی، سینئر صحافی حنیف خالد، فاروق اقدس، رانا غلام قادر، امجد عباسی، منیر شاہ، نصرت ملک نے شرکت کی۔

شرکاء نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک تحریک کی صورت میں جدوجہد جاری رہے گی۔

لاہور
لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا ہے، احتجاج میں صحافتی تنظیموں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو پرائیویٹ پراپرٹی کی خرایداری کے 34 سالہ پرانے معاملے میں گرفتار کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

پشاور
پشاور میں احتجاجی مظاہرہ جنگ و جیو نیوز کے دفاتر کے باہر کیا گیا، مظاہرین نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کئی ماہ سے غیر قانونی طور پر پابند سلاسل ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

کوئٹہ
کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر مظاہرہ ہوا، مظاہرے میں روزنامہ جنگ و جیونیوز کے کارکنوں نے شرکت کی اور میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

ملتان
ملتان میں میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کےخلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرے میں جنگ کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ظفر آہیر، ایم یو جے کے رہنما ملک شہادت، سینئر صحافی رؤف مان اور جنگ جیو ورکرز ایکشن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی بغیر مقدمہ گرفتاری اور بے بنیاد ریفرنس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

بہاولپور
بہاولپور میں میر شکیل الرحمان کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پریس کلب میں صحافیوں کی علامتی بھوک ہڑتال احتجاجی ریلی نکالی۔

سینئر صحافی امین عباسی اور راشد ہاشمی نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو بے بنیاد قرار دیا۔

نواب شاہ
نواب شاہ میں میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف تاجروں نے صرافہ بازار میں احتجاج کیا، تاجر رہنما ملک کامران نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی باعزت رہائی تک صحافیوں کے ساتھ تاجر احتجاج جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین