• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسفندیار ولی کا بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ،بجٹ مسترد کرنے پر اتفاق

پشاور(نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر تبدیلی سرکار کا آئی ایم ایف زدہ بجٹ مسترد کردیا ہے۔اسفندیار ولی خان نے اپوزیشن رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار نے آئی ایم ایف کی ایماء پر غریب دشمن بجٹ پیش کیا ہے،بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بجٹ میں ریونیو ہدف زمینی حقائق کے برعکس بہت زیادہ رکھا گیا ہے،اب ریونیو ہدف کو حاصل کرنے کیلئے غریب عوام کا خون چوسا جارہا ہے، اپوزیشن رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن جماعتیں اٹھارویں آئینی ترمیم میں کسی صورت ردوبدل برداشت نہیں کرینگی۔پی ٹی آئی مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے اٹھارویں آئینی ترمیم میں ردوبدل کی خواہش مند ہے۔اسفندیار ولی خان نے ایک بار پھر متنبہ کیا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم میں چھیڑ چھاڑ کی صورت میں اے این پی کرونا کے باوجود سڑکوں پر ہوگی۔

تازہ ترین