• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر ہائی وے پر فائرنگ سے شہید ہونے وا لے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلم کی سرگودھا میں تدفین

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ٹریفک پولیس کے شہید ہونے والے سب انسپکٹر محمد اسلم کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں بھلوال سرگودھا میں سپردخاک کردیا گیا۔شہید کو اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس خالد رشید نے آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعدازاںایس پی ٹریفک خالد ریشد اور دیگر پولیس افسروں نے شہید کی فیملی سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔اس سے قبلکشمیر ہائی وے پر ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے وا لے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر اسلم گل کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹر اسلام آبادمیں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان ،ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر چوہدری محمد سلیم، ڈی آئی جی سیف سٹی سرفراز احمد فلکی سمیت سینئر افسران اور جوانوں نے شرکت کی، آئی جی اسلام آباد ڈی آئی جی آپریشنز نے شہید کی جسد خاکی کو کندھا دیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیاگیا۔سب انسپکٹر محمد اسلم گل شہید نے سوگوران میں بیوی، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔وقوعہ کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے دیگر سینئر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے آئی جی اسلام آباد کو بتایا کہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد اور وقوعہ پر موجود شہریوں سے ابتدائی طور معلوم ہوا کہ ایک آلٹو گاڑی سبزی منڈی کی طرف سے آرہی تھی جس کو ایک ہنڈا گاڑی نے اوورٹیک کرکے روکا جس سے تین افراد نکلے اور آلٹو گاڑی پر فائرنگ کردی، نزدیک ڈیوٹی پر موجود ٹریفک آفیسر سب انسپکٹر اسلم گل نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اور ملزمان پر دوفائر کئے، لیکن ایک ملزم نے گاڑی کے اندر سے ٹریفک آفیسر پر فائرنگ شروع کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر زمین پر گر پڑے، ملزمان موقع سے دونوں گاڑیاں لے کر ترنول موٹروے کی طرف فرار ہوگئے ، پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا، تاہم ملزمان ایک گاڑی ترنول کے قریب چھوڑ کردوسری گاڑی میں فرار ہوگئے، وقوعہ میں ٹریفک آفیسر سمیت چار افراد زخمی ہوئے جن کو فوری طبی امداد کیلئے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ٹریفک آفیسر محمد اسلم گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے،آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیےڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی سربراہی میں دو انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
تازہ ترین