• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھ سمیت میرے 50 عزیز و اقارب کورونا کا شکار ہوئے، سلمان احمد

پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد کا کہنا ہے کہ اُن کے ساتھ اُن کے خاندان کے 50 لوگ بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

رواں سال اپریل کے مہینے میں عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے والے معروف گلوکار سلمان احمد کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک اہم پیغام سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈاکٹروں کے مطابق میں کوویڈ 19کا شکار ہوں: سلمان احمد

سلمان احمد نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے ماسک پہنا ہوا ہے اور اُس کے ساتھ ہی اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کو ایک اہم انکشاف سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے خاندان اور قریبی دوستوں میں مجھ سمیت 50 لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’ان پچاس لوگوں میں سے 46 افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں کیونکہ ان سب نے بروقت علاج کروایا، معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھا اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔‘

اُنہوں نےاپنے چاہنے والوں کو ماسک پہننے کی تاکید کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ کا کورونا ٹیسٹ منفی بھی آتا ہے تو اُس صورت میں بھی آپ لازمی عوامی مقامات پر ماسک ضرور پہنیں۔‘

واضح رہے کہ رواں سال 3 اپریل کو سلمان احمد نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ ڈاکٹروں کے مطابق وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

کورونا کا شکار ہونے کے بعد سلمان احمد نے خود کو قرنطینہ کردیا تھا اور احتیاطی تدابیر اور بروقت علاج کے بعد وہ 18 اپریل کو کوویڈ 19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

تازہ ترین