بھارتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو شہری عالمی وبا کورونا وائرس سے لڑنے اور ختم کرنے کے لیے بہترین تجویز پیش کرے گا اُسے 10 ہزار روپے بطور انعام دیئے جائیں گے ۔
بھارتی ویب سائٹ ’ مائی نیشن ‘ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت یکم جولائی سے ایک عوامی مہم شروع کرنے جا رہی ہے جس میں شہریوں کی جانب سے وبائی بیماری کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے تجاویز لی جائیں گی، اتر پردیش کی حکومت کے مطابق شہری یہ تجویز لکھ کر یا ایک منٹ کی ویڈیو بنا کر بھی حکومت کو دے سکتے ہیں، اس مہم میں جیتنے والے کو حکومت کی جانب سے انعام میں 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔
اتر پردیش کی حکومت کے مطابق ان تجاوزیز میں سے 100 بہترین تجاویز کو منتخب کیا جائے گا اور ہر فرد کو10ہزار روپے ملیں گے، شہری یہ تجاویز واٹس ایپ پر لکھ کر، ویڈیو بنا کر یا ای میل کے ذریعے بھی حکومت کو بھیج سکتے ہیں ۔
اتر پردیش کے محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری امیت موہن پرساد نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کا اس وائرس کو ختم کرنے کے لیے ساتھ چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ عوام آگے آئیں اور اپنے آئیڈیاز کے ذریعے بتائیں کے اس وائرس کے ساتھ کیسے لڑا جا سکتا ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے اس کے خلاف کیسے آگاہی پھیلائی جا سکتی ہے۔
انہوں کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ ہم عوام کی مدد کے ساتھ اس وائرس کو ختم کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے حکومت ایک مہم شروع کر رہی ہے اور عوام سے تجاویز مانگ رہی ہے۔