• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بڑھانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملہ دہشتگردی ہے، اس کو برداشت نہیں کرسکتے، جب چند دن پہلے گھوٹکی، لاڑکانہ اور کراچی میں ایک ہی وقت میں حملے ہوئے تو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت تھی۔ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بڑھائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس، اے سی ایس داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، اور خفیہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ  پولیس اور رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے بہترین کام کیا، انہوں  نے انٹیلیجنس کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن تیز کیا جائے، مجھے اپنے اداروں پر بھروسہ ہے کہ اہم تنصیبات،  کاروباری مراکز اور عوام کی حفاظت میں کسر نہیں چھوڑیں گے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ  کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 8 منٹوں میں پولیس اور رینجرز نے آپریشن مکمل کیا، حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد، سیکیورٹی گارڈ افتخار اور ایک نامعلوم شخص شہید ہوا، حملے میں 2 اسٹاک ایکسچینج کے گارڈ اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ زخمیوں کی حالت بہتر ہے، 4 دہشتگرد مارے گئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے تمام داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس نگرانی کا اطلاق تمام شہروں اور صوبائی سرحدوں پر بھی ہوگا، ہمیں اپنے کاروباری افراد کو بہترین سیکیورٹی دینا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی نادرا کے ذریعے شناخت کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور رینجرز کو شاباش دی اور کہا کہ جن بہادر پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے اہلکاروں نے کاروائی میں حصہ لیا میں انکی بہادری اور ہمت کو  سراہتا ہوں، میری شاباشی ان تک پہنچنا چاہیے۔

تازہ ترین