• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگوں کو ویکسین کے استعمال پر آمادہ کرنا مشکل ہوگا، بل گیٹس

کراچی (نیوز ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کی وبا سے لڑنے کے معاملے میں اب تک سنجیدہ نظر نہیں آتا۔ امریکی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ویکسین وہ کرہ ارض کے ہر شخص کو دینا چاہتے ہیں اس کیلئے سب سے پہلے ان کی آمادگی حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین بننے کے بعد اگلا مشکل ترین مرحلہ لوگوں کو اس بات پر آمادہ کرنا ہوگا کہ وہ وائرس سے بچنے کیلئے یہ ویکسین استعمال کریں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بل گیٹس نے اصرار کیا کہ امریکا میں وائرس ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیسٹنگ کی سہولت بڑھ گئی ہے لیکن اس میں اہم کردار مقامی حکومتوں نے ادا کیا ہے، وائٹ ہائوس نے نہیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی انتظامیہ ہدایات پر درست انداز سے عمل نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے عمل میں تیزی لائی جا سکتی ہے لیکن اس کیلئے شرط یہ ہے کہ امریکی حکومت ہدایات پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں متاثرین کی تعداد اب 25؍ لاکھ کے قریب ہونے والی ہے اور اس میں ناکامی کی وجہ انتظامیہ کا ہدایات پر عمل نہ کرنا ہے۔

تازہ ترین