• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھلوں کا بادشاہ آم اپنی منفرد اقسام چونسہ اور سندھڑی کے ساتھ جاپان پہنچ گیا ہے۔ اس حوالے سے سفیر پاکستان امتیاز احمد نے آموں کی پہلی کھیپ جاپان پہنچنے پر آموں کو جاپان درآمد کرنے والی معروف کاروباری شخصیت رمضان صدیق کے ساتھ افتتاح کیا اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں تعینات کمرشل قونصلر طاہر چیمہ بھی موجود تھے۔

سفیر پاکستان امتیاز احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباہ کے باعث آموں کو جاپان لانا ایک مشکل عمل تھا لیکن ہماری ٹیم خاص طورپر کمرشل قونصلر طاہر چیمہ اور جاپانی حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے آموں کی پاکستان میں انسپکشن کے حوالے سے خصوصی رعایت برتی اور پاکستانی اداروں کی انسپکشن کو قبول کیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ آم جاپان میں لائیں جائیں اور جاپانی عوام میں پاکستانی آموں کے حوالے سے جو بہترین تاثر قائم ہوا ہے اسے برقرار رکھیں۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی کاروباری شخصیت رمضان صدیق کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے جاپان میں پاکستانی آموں کی درآمد میں اضافہ ہوا ہے ہم چاہتے ہیں اور بھی پاکستانی آگے آئیں اور ناصرف آم بلکہ دیگر اشیاء بھی جاپان درآمد کرکے پاکستان کو ذرمبادلہ فراہم کرنے کا زریعہ بنیں۔

اس موقع پر کمرشل قونصلر طاہر چیمہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ناصرف آم بلکہ سبزیوں سمیت دیگر پھلوں کی پاکستان سے درآمد کے لیے بھی جاپانی حکومت سے اجازت حاصل کرسکیں اور پاکستان کی جاپان کو کی جانیوالی برآمدات میں اضافہ کرسکیں۔

طاہر چیمہ نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایکوپمنٹ یا آلات جراحی کی کئی مصنوعات کو پاکستان سے جاپان براہ راست درآمد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں یہ آلات جرمنی سے ہوتے ہوئے جاپان آتے تھے تاہم ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاکستانی ادارے براہ راست یہ اشیاء جاپان منگوا سکیں اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کرسکیں۔

تازہ ترین