• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی صحافت پر حملہ کرنے والے کامیاب نہیں ہونگے، مقررین

لاہور/ پشاور/راولپنڈی (نمائندگان جنگ ) نیب کے ہاتھوں جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الر حمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پیرکےروز بھی لاہور ، پشاور اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ مظاہروں میں سیاسی رہنمائوں، صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں ، جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آزادی صحافت پر حملہ کرنے والے کامیاب نہیں ہونگے، ہم جمہوریت اور آزادی صحافت پر حملہ کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کے صحافیوں نے ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ اور جیو نیوز میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی ، میڈیا دشمنی اور صحافت پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سچ بولنا جرم بن گیا ہے ، جنگ گروپ سمیت تمام میڈیا کو سچ بولنے اور دکھانے کی سزا دی جارہی ہے، انتقامی کارروائی بند کرکے میر شکیل الر حمٰن کو رہا اور صحافیوں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، جعلی و غیر قانونی ریفرنس سے میر شکیل الر حمٰن باعزت بری ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری نے کہا ہے کہ میڈیا پر پابندی اور صحافیوں کے ساتھ جو رویہ اس حکومت نے روا رکھا ہوا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اور نہ آگے ملے گی، میرشکیل الر حمٰن کو حق اور سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے، جنگ اخبار پاکستان نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا اردو کا اخبار ہے اور بلاکسی تردد میں یہ بات کہوں گا کہ جنگ کی خبروں پر لوگ اعتماد اور بھروسہ کرتے ہیں اس سے پہلے بھی جنگ پر آمروں نے قبضہ کرنے کی کوشش کی اور اسے بند کرنا چاہا لیکن پہلے میرخلیل الر حمٰن صاحب نے اور اب میرشکیل الرحمٰن میڈیا کا آزادی کا جو کیس لڑ رہے ہیں وہ تاریخی نوعیت کا کیس ہے۔پیپلز پارٹی حکومتی اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

تازہ ترین