• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے بہت منت سماجت سے بجٹ پاس کروایا، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ عمران خان نے بہت منت سماجت کے ساتھ بجٹ پاس کروایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ حکومت اختلافات کا شکار ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کا کہنا تھا کہ اپنے اداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملے کے بعد بروقت کارروائی ہوئی ۔

مگر ہمیں اپنا رویہ پر ضرور غور کرنا چاہیے اور ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہمارا دشمن اصل میں ہے کون اور کس کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہیے،میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ ملک میں بلدیاتی نظام کو مضبوط نہیں کیا جاتا۔

سینئر صحافی اوراینکرحامد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بہت منت سماجت کے ساتھ بجٹ پاس کروایا ہے اس دفعہ ان کے ووٹ ایک سو ساٹھ تک پہنچے ہیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے لیے اکثریت 172بنتی ہے اور جس وقت بجٹ میں ووٹنگ ہورہی تھی اپوزیشن کے دس ممبر ہاوٴس میں موجود نہیں تھے ۔

وزیر اعظم کے لیے مشکلات ختم نہیں ہوئیں ہیں اور جہاں تک ان کی رائے ہے کہ ان کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے پاکستان میں حالات بدلنے میں وقت نہیں لگتا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں بہت سی کمزوریاں ہیں خاص طور پر مسلم لیگ ن میں بہت اختلافات ہیں ان کی کوئی پالیسی نظر نہیں آتی ایک کہہ رہا ہے کہ وزیر اعظم کو نکالنے کے لئے تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔

دوسرا کہہ رہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد نہیں لائیں گے ایک کہتا ہے کہ وزیر اعظم کو استعفا دینا چاہیے دوسرا کہتا کہ ہے وزیر اعظم کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے مسلم لیگ ن جو کہ سب سے بڑی پارٹی ہے ان کوچاہیے آپس میں گفتگوکریں اور کوئی ایک پالیسی تجویز میں لانے کی کوشش کریں۔

مگر پاکستان میں حالت ایسے پیدا ہوگئے ہیں جس میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے عوام باہر نکل رہے ہیں اور عوام جب خود باہر نکلیں گے تو آپ کو بھی ووٹ نہیں ملیں گے ایسا نہ ہو کہ ایسی صورتحال میں کوئی تیسراراستہ پیدا ہوجائے۔

تازہ ترین