• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووسٹر شائر، پاکستانی ٹیم کے 32 اراکین کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی، کھلاڑیوں اور انتظامیہ میں شکوک اور خطرات کا خاتمہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ووسٹر پہنچنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو پہلی اچھی خبر یہ ملی کہ اس کےتمام 32اراکین کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں اس طرح کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ میں موجود شکوک اور خطرات کا خاتمہ ہوگیا ہے۔پاکستانی کرکٹرز بائیو سیکیور ببل میں رہ کر اب کرکٹ سیریز کی تیاری کریں گے۔انگلش کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئینٹی میچوں کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے امکان ہے کہ اگلے ہفتے جب پاکستانی ٹیم ڈربی پہنچے گی اس وقت تک شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔برطانیہ میں کوویڈ کی صورتحال تیزی سے بہترہورہی ہے اور حکومت چار جولائی سے ریسٹورنٹس بھی کھول رہی ہے اس لئے توقع ہے ٹیسٹ سیریز کے میچوں کا اعلان کرنے میں انگلش کرکٹ بورڈ بہتر پوزیشن میں ہوگا۔پاکستانی ٹیم نے ووسٹر میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔پی سی بی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے ہیں جس کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ووسٹر میں ٹریننگ کی اجازت مل گئی ہے۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے آنے والے بولنگ کوچ وقار یونس کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔جنوبی افریقا سے آنے والے فزیو کلف ڈیکن اورانگلینڈ سے جوائن کرنے والے ریزرو کھلاڑی ظفر گوہر کا کوویڈ19ٹیسٹ بھی منفی آگیا ہے۔ظفرگوہر اور کلف ڈیکن کو ٹریننگ میں حصہ لینے کی اجازت ہےقومی اسکواڈ کی انگلینڈ میں پہلی ٹیسٹنگ کی رپورٹس پی سی بی کو موصول ہوگئی ۔ انگلینڈ میں موجود 20 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے 12 اراکین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ ای سی بی میڈیکل پینل کے زیر اہتمام قومی اسکواڈ کی ووسٹر میں کوویڈ 19 ٹیسٹنگ گزشتہ روز ہوئی تھی۔ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر قومی کھلاڑیوں نے ووسٹر میں باضابطہ ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔ہیڈ کوچ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی کھلاڑیوں نے انگلینڈ پہنچنے کے بعد وارم اپ کیا۔کھلاڑی مزید تیرہ دن ووسٹر میں گزاریں گے۔

تازہ ترین