پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ریاست کے ادارے خریدنے والے خبردار رہیں، پاکستان اور عمران خان ساتھ نہیں چل سکتے۔
بلاول بھٹو کی زیرصدارت پی آئی اے کی سی بی اے یونین کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا، جس میں بلاول بھٹونےسول ایوی ایشن یونین کے عہدیداروں سے وڈیولنک پر خطاب کیا، اجلاس میں پیپلز پارٹی پنجاب کےصدر قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد بھی موجود تھے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ہماری ماں ہے، ادارے دھرتی ماں کا زیور ہیں، میں دھرتی ماں کے زیور کو کسی صورت فروخت نہیں ہونے دوں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیکشن 29 کے خاتمے کے لیے سول ایوی ایشن یونین کے ساتھ ہیں، جبکہ ائیرپورٹس کی فروخت ملک میں سیکیورٹی کوداؤ پر لگادے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کوایئرپورٹس کی زمینیں اونے پونے دوستوں کو نوازنے نہیں دیں گے، پاکستان بھر کے مزدور اور ورکرز فاشسٹ حکومت کے خلاف متحد ہوں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت نےاپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پر عالمی پابندی لگوادی، پاکستان کے اثاثےقوم کی ملکیت ہیں اور قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرےگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا مقصد صرف اپنے کاروباری دوستوں کے مفادات کا تحفظ ہے، پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر فروخت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے گی۔