اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو نے رینٹل پاور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی احتساب عدالت سے بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ نیب نے سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع‘ سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ‘ اسماعیل قریشی‘ شوکت ترین‘ محمد سلیم عارف‘ چوہدری عبدالقدیر‘ اقبال علی شاہ‘ وزیرعلی بھائیو اور رضی عباس کو بھی فریق بناتے ہوئے احتساب عدالت کا 25 جون کا فیصلہ چیلنج کیا ہے۔ نیب نے اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے۔ استدعا ہے کہ احتساب عدالت کے 25 جون کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔