• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، کراچی صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 1.09 سے 2.89 روپے تک مہنگی

کراچی صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 1.09 سے 2.89 روپے تک مہنگی


اسلام آباد (ایجنسیاں)اقتصادی رابطہ کمیٹی نےکے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ایک روپے 9پیسے سے 2 روپے 89 پیسے تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی‘یہ اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا‘ کمیٹی نے موسم سرما میں پنجاب کے گھریلو صارفین سے ایل این جی کے 74 ارب روپے کے واجبات کی وصولی کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے اوگرا کو ہدایت کر دی۔

ای سی سی نے صوبائی، علاقائی اور ضلع وائز کوٹہ سے قطع نظر 37 لاکھ 25 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو 12 ہزارروپے کی نقد معاونت احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت فراہم کرنے کیلئے 29.72 ارب روپے خرچ کرنے کی منظوری دیدی۔

ای سی سی نے سال کے آخر میں یوریا کے بفراسٹاک کو مقررہ سطح پربرقراررکھنے کیلئے ایس این جی پی ایل نیٹ ورک پر واقع بند کئے جانیوالے دوپلانٹس ایگری ٹیک اورفاطمہ فرٹیلائزرزکو جولائی سے لیکرستمبرتک تین ماہ کیلئے 756 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی شرح سے گیس فراہم کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔ای سی سی نے موسم ربیع کی یوریا کھاد ضروریات کیلئے ایل این جی کے استعمال پر 96 کروڑ روپے کی سبسڈی کی منظوری بھی دیدی۔

رواں مالی سال دسمبر تا فروری یوریا کے دو لاکھ فاضل ذخائر کیلئے دو بند یوریا پلانٹس کو ایل این جی پر چلایا جائے گا‘ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کویہاں مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کو مالی سال 2020-21ءکیلئے مختص کردہ 200 ارب روپے بجٹ میں سے 37 لاکھ 25 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو نقد معاونت کیلئے 29.72 ارب روپے خرچ کرنے کی اجازت دیدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن کی تجویز پراین ٹی سی کیلئے مالی سال 2020-21 ء اور مالی سال 2019-20 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی تجویز کا جائزہ لیا اوراس کی منظوری دی، این ٹی سی کے مالی سال 2020-21 ءکیلئے بجٹ کا تخمینہ 4.59 ارب ، آپریٹنگ اخراجات 4.78 ارب اورسالانہ ترقیاتی پلان 1.23 ارب روپے ہے۔

تازہ ترین