• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافیوں کیخلاف نازیبا زبان، فیصل واوڈا معافی مانگیں، صحافتی تنظیمیں

 فیصل واوڈا معافی مانگیں، صحافتی تنظیمیں


کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے سینئر صحافیوں کیخلاف نازیبا بیان اور دھمکیاں پر صحافتی تنظیموں نے تنقید کرتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے،آرآئی یو جے کے ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ میرشکیل الرحمان پر بے بنیاد الزامات قابل مذمت ہیں،عمران خان نوٹس لیں۔تفصیلات کےمطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سےمبینہ طور پر معزز صحافیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر استعمال کی جانے والی سخت زبان کا نوٹس لیا ہے، پی ایف یو جے کی جانب سے کہا گیا کہ عوامی دفتر کے حامل اور منتخب نمائندے کی جانب سے یہ رویہ افسوسناک ہے۔صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سکریٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں وزیر سے عوام سے معافی مانگنےکا مطالبہ کیااور وزیر اعظم عمران خان سے ان کے رویے کی تحقیقات کی درخواست کی ۔بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے سینئر صحافیوں کو دھمکی دی ، جو وزیرسے امریکی شہریت کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر حاصل اثاثوں کی تحقیقات کے حوالےسے سوال کرکے صرف اپنے پیشہ ور فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نےمہذب طریقے سے جواب دینے کے بجائے دھمکی دی اور گندی زبان کا استعمال کیا ۔دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی وزیر فیصل ووڈا کی جانب سے جنگ گُروپ کے انگریزی روزنامے دی نیوز کے رپورٹرز فخر درانی اور عمر چیمہ کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے اور دھمکی آمیز رویئے کی سخت مذمت اور تشویش کا اظہار کیاہے۔ آر آئی یوجے کے ہنگامی اجلاس میں صدر عامر سجاد سید ، جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی، تنظیم کے دیگر عہدیداروں و ارکان نے تحریک انصاف کے رہنما اوروفاقی وزیرفیصل ووڈا کی جانب سے دی نیوز کے صحافیوں فخر درانی اور عمر چیمہ سمیت سینئر صحافیوں و اینکرز مبشر زیدی ، ضرار کھوڑو اور وسعت اللہ خان کے خلاف سوشل میڈیا پر نامناسب زبان استعمال کرکے نشانہ بنانے کا سخت نوٹس لیا اور قراردیاکہ تحقیقاتی رپورٹس پرفیصل ووڈا کاجواب دینےکی بجائے سنیئر صحافیوں کےخلاف بدزبانی اور ادارے کے پابندسلاسل ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان پر بے بنیاد الزامات سےکردار کشی کی کوشش سخت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔آر آئی یوجے کو تشویش ہےکہخود کو سیاسی جماعت اور جمہوری


حکومت کا نمائندہ کہنے والا آئین میں دئیے گئے آزادی اظہار رائے کےحق کوتسلیم کرنےکوتیار نہیں۔ آر آئی یوجےکے جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی کےجاری کردہ بیان میں فیصل ووڈا کو اپنے خلاف الزامات کا میڈیا و دیگر فورمز پر جواب دینے اور دی نیوز کے سنیئر رپورٹرزفخر درانی اور عمر چیمہ سمیت سنیئر صحافیوں و اینکرز سے فوری معافی کامطالبہ کیاہے۔ آر آئی یوجے نے وزیراعظم عمران خان سے کابینہ کے رکن فیصل ووڈا کی غیر اخلاقی حرکت اور غیر جمہوری رویئے کا فوری نوٹس لے کر جواب طلبی کا بھی مطالبہ کیاہے۔آر آئی یوجے عزم کا اظہار کیاہے کہ وہ اپنےساتھی صحافیوں کے پیشہ وارانہ امور اور تحفظ کےحوالے سے ہردم ان کےساتھ کھڑی ہے، اگر فیصل ووڈا نے غیرمشروط معافی نہ مانگی تو پوری صحافتی برادری کو کال دےکر ان کے خلاف سخت احتجاج کا راستہ اختیارکیا جائےگا۔

تازہ ترین