• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو روز میں سندھ پولیس کے 325 ملازمین میں کورونا کی تشخیص، تعداد 1670 ہوگئی

دو روز کے دوران سندھ پولیس میں کورونا وائرس کے 325 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے متاثر پولیس کے افسران اور جوانوں کی تعداد 1670 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا روکنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات میں فرنٹ لائن فائٹر فورس پولیس کے 16 ملازمین شہید ہوچکے ہیں، جن میں ایک ایس پی کے علاوہ ڈی ایس پی اور پولیس انسپکٹر بھی شامل ہیں۔ جاں بحق پولیس ملازمین میں ایک ایس پی سمیت 14 کا تعلق کراچی پولیس سے ہے جبکہ دو حیدرآباد پولیس رینج سے تعلق رکھتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 435 افسران اور جوان کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 1219 ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔

کورونا کے خلاف ہراوّل دستے کے طور پر کام کرنیوالے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

تازہ ترین