• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دور جدید میں کامیابی کے حصول کے لیے جہاں لگن، جستجو اور محنت ضروری ہے، وہیں متاثرکن گفتگو بھی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ متاثر کن گفتگو کے ذریعے تمام شعبہ ہائے زندگی (مثلاً تعلیم، ملازمت یا کاروبار وغیرہ) میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ ایک کامیاب انسان بننا چاہتے ہیں تو آپ کو دیگر مہارتوں کے ساتھ بات اپنی بات دوسروں کو سمجھانے کا فن بھی لازمی آنا چاہیے۔

ہمیں یہ بات سمجھنے چاہیے کہ گفتگو میں مہارت محض کسی مہنگے اور معیاری انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لینے سی ہی حاصل نہیں ہوتی۔ بیشتر لوگ گفتگو میں مہارت حاصل کرنے کے لیے باضابطہ تربیت (مثلاً پریزنٹیشن اسکلز یا پھر بزنس ڈویلپمنٹ اسکلز کورسز) حاصل کرتے ہیں۔ یہ کورسزعام طور پر رسمی خط و کتابت، منصوبہ بندی یا پھر گروپ ڈسکشن کا احاطہ کیے ہوتےہیں، جن کا سامنا ہم اکثر وبیشتر کرتے ہیں۔ 

لیکن یہ کورسز شاذ و نادر ہی ہماری غیر رسمی گفتگو( مثلاًبحث، ملاقاتیں، ورکشاپس، ٹیلیفونک کالز وغیرہ) کا احاطہ کرتے ہیں،جن کا سامنا ہمیں عام طور پر کرنا پڑتا ہے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ آخر غیر رسمی گفتگو میں کیسے مہارت حاصل کی جا ئے؟ کسی دوسرے شخص تک اپنا موقف پہنچانا اور اپنی بات کو صحیح معنوں میں سمجھانا ایک فن ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ وہ کون سی اہم باتیں ہیں جنہیں اس فن کو سیکھنے کے لئے ذہن نشین کرنا ضروری ہے۔

زیادہ سے زیادہ مطالعہ

گفتگو میں مہارت حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلا ہتھیار (Tool)مطالعہ ہے، لہٰذا کوشش کریں کہ آپ زیادہ سے زیادہ ناول، اخبارات اور کاروباری دستاویزات وغیرہ کا مطالعہ کریں۔ دورانِ مطالعہ جن الفاظ کو پڑھنے یا سمجھنے میںمشکل محسوس ہو ان کے تلفظ یا معنی ومطالب جاننے کے لیے لغت یا انٹرنیٹ کی مدد حاصل کریں۔اس طرح نہ صرف آپ اپنی گفتگو میں بہتری لاسکیں گے بلکہ دوسروں کو اپنا نقطہ نظر بھی بہتر انداز میں پیش کرپائیںگے۔ اس کے علاوہ زبان کی کمزوری دور کرنے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔

الفاظ کے چناؤ پر غور

گفتگو کے دوران لفظوں کا بے جا استعمال سننے والےکی دلچسپی اور توجہ میں کمی لاسکتا ہے، ساتھ ہی طویل گفتگو آپ کی بات کے اثر کو زائل کرسکتی ہے۔ لہٰذا اپنی گفتگو میں غیرشائستہ، مشکل یا ایسے بے معنی الفاظ بالکل استعمال نہ کریں جو سامنے والے کی سمجھ میں نہ آئیں یا اسے بُرا لگے، اس طرح وہ آپ سے بات کرنے میں ناگواری محسوس کرے۔ یاد رکھیں الفاظ کسی بھی انسان کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں اور اس کی تربیت اور خاندان کا پتہ دیتے ہیں۔ بہترین الفاظ کا چناؤ انسان کی عزت و وقار میں اضافہ کرتا ہے جبکہ نامناسب الفاظ انسان کو بلند ایوان میں بھی کم تر اور کم حیثیت بنا دیتے ہیں۔

ماہرین کی ویڈیو ز دیکھنا

گفتگو میں مہارت حاصل کرنے کے لیے سننا (Listening)بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ انسان میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ وہ سننے اور دیکھنے سے سیکھتا ہے، پھر اسی انداز سے بو لنے کی کوشش کرتا ہے۔ جو اچھا سننے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ اچھا بولنے والا بھی بن سکتا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ انٹرنیٹ پر موجودماہرین کی ویڈیوز دیکھیں اور سنیں، ان ماہرین کے جملوں، لفظوں اور باڈی لینگویج پر غور کریں۔ اس طرح آپ ان کی نقل کرکے گفتگو کے انداز میں بہتری لاسکتے ہیں۔

بھرپور تیاری کریں

اگر آپ کو کہیں سامعین سے بات کرنی ہے تو جو آپ ان سے کہنا چاہتے ہیں اس کو لکھ لیں۔ اس بات پر بھی غور کریں کہ کیسے زیادہ سے زیادہ سامعین کو اپنی جانب متوجہ رکھا جاسکتا ہے۔ کسی ایسی صورتحال کے بارے میں سوچیں جس میں آپ سے سوالات پوچھے جاسکتے ہیں، پھر ان کے جوابات تلاش کرکے لکھیں۔ پریزنٹیشن دیتے وقت ہر طرح کے سوالات اور حالات کا سامنا کرنے کے لیےتیار رہیں، ممکن ہے آپ کو اپنی بات کچھ مختلف انداز میں لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت پڑے۔

سننا اور دلچسپی لینا

زیادہ سننے اور کم بولنے کے ذریعے آپ اپنی بات زیادہ بہتر انداز میں دوسروں کو سمجھا پائیں گے۔ اس طرح لوگوں کو لگے گا کہ آپ انھیں اہمیت دے رہے ہیں اور ان کی ضروریات کو سمجھتے ہیں، وہ آپ پر اعتماد بھی کریں گے۔ دوران گفتگو جس شخص کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہو اس کی باتوں میں مکمل دلچسپی کا اظہار کریں۔

لہجہ اور چہرے کے تاثرات

گفتگو کے دوران جو الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں ان کے چناؤ کے ساتھ ساتھ آپ کا لہجہ، اشارے اور چہرے کے تاثرات بھی نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ لہٰذا کوشش کریں کہ آپ کی باڈی لینگویج اور لب و لہجہ آپ کے الفاظ کا ساتھ دے۔

تازہ ترین