وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں ایک بڑی تبدیلی لایا ہے، سماجی و معاشی نظام پر اس کے سب سے زیادہ اثرات مرتب ہوں گے اور آنے والے دنوں میں اس کے اثرات ہمارے صحت کے نظام پر بھی پڑیں گے۔
فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کورونا کے خلاف لڑنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جب سے بیماری آئی ہے، اسپتالوں میں طبی عملے نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نےکہاکہ ہمارے اداروں نے اپنے وسائل کے مطابق اچھا کام کیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ کورونا پوری دنیا میں ایک بڑی تبدیلی لایا ہے، ہر چیز کو بدلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور معیشت پر بھی اثر انداز ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے یہاں معیاری طبی سہولیات سمیت دیگر طبی وسائل کم ہیں، یہاں طبی ادارے بہت کم ہیں، مریضوں کو طبی سہولتیں سرکاری سطح پر فراہم کی گئیں، جبکہ بلوچستان کی نسبت دوسرے صوبوں میں پرائیوٹ سیکٹر نے کورونا کے سلسلے میں حکومت کی مدد کی، تاہم کمی بیشی ضرور ہوئی ہے لیکن ہم نے کورونا کے مقابلہ کیلئے بھرپور کام کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کورونا کیلئے اپنے بجٹ میں بڑی رقم رکھی ہے، وفاق بھی ہمیں بجٹ دے رہا ہے، ایک دن آئے گا جب ہم اپنے صحت کے نظام کو بہت بہتر کرسکیں گے۔
جام کمال نے کہا کہ صوبے میں تمام اسپتالوں کا ایک جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں طبی عملے کو اسپتالوں میں تمام سہولیات دینا ہوں گی تاکہ عملہ اچھے طور پر کام کرسکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ذمہ داری پوری نہ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی اور جو لوگ مشکل حالات میں کام کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے، اس سلسلے میں حکومت تمام محکموں کو وسائل دے گی لیکن کوششیں کرنا ان کا کام ہے۔