• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمارٹ لاک ڈائون سے کورونا وباء میں نمایاں کمی ہوئی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق نے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر اور ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی ڈاکٹر خالد رندھاوا اور انکی ٹیم کی کورونا وائرس کیخلاف کوششوں کو سراہتے ہوئے اس مرض کیخلاف انکی جدوجہد کے 100دن مکمل ہونے پر گلدستہ پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے نے اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر جس طرح دن رات ایک کر کے اپنی خدمات سرانجام دیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کورونا سے متاثرہ70 فیصد سے زائد افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 24فیصد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون کی وجہ سے وباء میں نمایاں کمی ہوئی ہے‘ تاہم اس وباء پر مکمل قابو پانے کیلئے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں‘ اور اس سلسلے میں عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر اور انکی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین