• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبلی فراز کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراطلاعات شبلی فراز سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنرکی ملاقات ہوئی، اس دوران دوطرفہ تعلقات، کوروناصورتحال اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پرگفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ میں مختلف علاقائی و عالمی معاملات پرہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا صورتحال پر برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کورونا وبا کا عزم وہمت سےمقابلہ کرنے کی برطانوی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

ملاقات کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ کورونا عالمی وبا ہے، اسے شکست دینے کے لیے مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی، کورونا سے عوام کی حفاظت، معاشی مشکلات سے بچانے کی حکمت عملی پر کار بند ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کارگر ثابت ہورہی ہے، کورونا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں ریلیف کے لیے خصوصی کاوشوں کا آغاز کیا، خوشی ہے جی 20 ممالک قرضوں میں ریلیف کی فراہمی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ این سی او سی کورونا کے خلاف قومی کاوشوں کو مربوط بنانے کا مرکز ہے۔

تازہ ترین