وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے متحدہ اپوزیشن کسی اسپیشلسٹ سے اپنی آنکھوں اور کانوں کا علاج کروائے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن وزیرِ اعظم کی کارکردگی پر تنقید کرنے سے پہلے تحقیق کر لیں تو بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، وزیرِ اعظم ملک میں 15 کھرب 67 ارب کی بدعنوانی کو 270 ارب تک لے آئے ہیں، آج پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلے سے 85 فیصد کم ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالر سے 23 ارب ڈالر رہ گیا ہے، اب تک حکومت ملک کا 5000 ارب روپے قرض واپس کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے ہمارے معاشی استحکام کی تعریفیں کر رہے ہیں، عمران خان کی رہنمائی میں منی لانڈرنگ کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہوا ہے،پاکستان میں 60 سال کے بعد بڑے ڈیموں کی تعمیر ہو رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے 2 کھرب 45 ارب کی رقوم غریب، بے روزگار اور نادار طبقے میں تقسیم کیں، 8 کروڑ افراد کو صحت کارڈز کے زریعے مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔