• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام، مرغی 225 ،  ٹماٹر 100 روپے کلو

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) حکومت اورانتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنےمیں مکمل ناکام ہوگئے۔پرائس مجسٹریٹس کے چھاپے اور چالان نمائشی ثابت ہو رہے ہیں۔ سرکار کی جاری کردہ ریٹ لسٹ بھی بے اثر ہوچکی ہے۔ سپیشل پرائس مجسٹریٹس چٹ دے کر نقد جرمانہ لے کر چلتےبنتے ہیں اوردکاندار جرمانہ گاہکوں پر ڈال کر کام چلاتا رہتا ہے۔زندہ پولٹری برائلراور پولٹری گوشت کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ہوگیا ہے۔پیرکو زندہ برائلر225روپے کلو فروخت کیا گیا جبکہ گوشت 326روپے سے لے کر 350روپے تک بکتا رہا۔انڈے بھی 123 روپے درجن ہوگئے ۔پیر کو پھلوں اور سبزیوں کے نرخ بھی زیادہ رہے۔ مٹر 200 روپےکلو جبکہ ٹماٹر نے ایک بار پھر اڑان بھرنا شروع کردی ہے جوپیر کو سو روپے کلو میں بیچا گیا۔ٹینڈا سو روپے کلو،بھنڈی،شملہ مرچ،توری اور گوبھی 80 روپے فی کلو،گھیا،بینگن،کریلا60روپے کلو،پیاز پچاس روپے جبکہ آلو ستر روپےکلو رہے۔ادرک بدستور سو روپے پائو اور لہسن ستر روپے پائو رہا، لیموں 150 روپے کلو،سبز مرچ 80روپے کلو،آڑو 200 روپے کلو،آم سندھڑی150/180روپے کلو، آلو بخارا بڑا400جبکہ درمیانہ300روپے کلو، خوبانی بھی اسی طرح اچھی300اور درمیانی 200روپے کلو بکی،کیلا سو روپے درجن رہا۔تیسرے درجے کی الیچی بھی250روپے کلو بیچی گئی۔آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان بھی خواب بن گیا ہے اور قیمت میں کوئی فرق نہیں ،آٹا چکی والے20کلو1300روپے جبکہ مارکیٹ میں تھیلا1150روپے تک فروخت ہورہا ہے۔آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث نان بائیوں نے روٹی چھوٹی کردی ہے۔بڑا اور چھوٹا گوشت بدستور غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہے۔سرکاری ریٹ8سو وپے کلو کے مقابلے میں چھوٹا گوشت1100/1200روپے کلو بڑا گوشت450روپے کی بجائے550اور بغیر ہڈی650روپے کلو مل رہا ہے۔
تازہ ترین