• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں گزشتہ روز گرفتار ہونے والا 8 پولیس اہلکاروں کا قاتل وکاس دوبے فرار کی کوشش میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وکاس دوبے کو مدھیہ پردیش کےایک مندر سے گرفتار کیا گیا تھا، اسے پولیس کسٹڈی میں براستہ سڑک کانپور سے جھانسی لایا جارہا تھا، اسےآج صبح دس بجے عدالت میں پیش کیاجانا تھا۔

وکاس دوبے کو جھانسی لاتے ہوئے برا کے علاقے میں پولیس کی گاڑی اُلٹ گئی۔گاڑی پلٹتے ہی وکاس نے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس اہلکار سے پستول چھینی اور فائرنگ کی۔ جس پر پولیس کی ٹیم نےاُس پر جوابی فائرنگ کی، جس کے بعد ملزم شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ اترپردیش میں 8 پولیس اہلکاروں کو انتہائی بےدردی سے قتل کرنے والے ملزم وکاس دوبے کوگزشتہ روز ریاست مدھیہ پردیش کے ایک مندر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وکا س دوبے مندر میں پوجا کرنے آیا تھا، ایک سیکورٹی گارڈ کو اس پر شک ہوا تواس نے اس کا شناختی کارڈ طلب کیا لیکن یہ شناختی کارڈ وکاس دوبے کے بجائے کسی دوسرے کے نام پر تھا۔

اس دوران وہاں موجود سیکورٹی عملہ اسے اپنے ساتھ لے گیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس جب اسے تھانے لے کر گئی اور پوچھ گچھ کی تو اس نے قبول کرلیا کہ وہ کانپور کا گینگسٹر وکاس دوبے ہے۔

وکاس دوبے کے خلاف 60 سے زائد مقدمات تھے لیکن چونکہ اس کے تعلقات حکمراں بی جے پی اور اپوزیشن سماج وادی پارٹی دونوں کے رہنماؤں سے رہے ہیں اس لیے وہ آج تک آزادی سے گھومتا رہاتھا۔

تازہ ترین