• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18 اپریل سے 15 جون تک 61 پروازیں کراچی پہنچیں

محکمہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی ہے جس کے مطابق 18 اپریل سے 15 جون تک 61 پروازیں مختلف ممالک سے کراچی پہنچیں۔

61 پروازوں میں 12 ہزار سے زائد مسافر پاکستان لائے گئے جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر اترنے والے 12120 میں سے 1827 مسافر کورونا میں مبتلا تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کورونا میں مبتلا مسافر کراچی آنے کے بعد چاروں صوبوں میں گئے، 881 مریض کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آکر 383 کورونا کے مریض پنجاب گئے، متاثرہ مریضوں میں 564 خیبر پختو نخوا اور91 بلوچستان گئے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 19 جون سے ایئرپورٹس پر ٹیسٹنگ بند کردی گئی جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر اب مسافروں کی صرف اسکرینگ کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 5 ہزار 58 تک جا پہنچی ہے۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 900 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں 1 ہزار 677 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تازہ ترین