اسلام آبادسوات(اے پی پی،نمائندہ جنگ)بے قابو گاڑی نے موٹروے پولیس کے3افسر ان کچل دیئے، 2شہید ہوگئے،اہلکار گاڑی منتقل کر رہے تھے تیز رفتار گاڑی ان پر چڑھ دوڑی، امجد علی،اخترعلی،خراب گاڑی میں سواربچہ ارسلان دم توڑ گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون برہان کے قریب ایک گاڑی ٹائر پھٹنے کی وجہ سے سڑک کے درمیان رکی ہوئی تھی جس کی مدد کےلئے موٹروے پولیس افسران موقع پر پہنچے اور اس کی مدد کرنے میں مصروف ہو گئے تاکہ گاڑی کو کسی حادثہ سے محفوظ رکھا جا سکے لیکن پیچھے کی جانب سے غفلت لاپرواہی سے آنے والی ایک اور گاڑی بے قابو ہو کر ”حفاظتی کونوں“ کو کچلتے ہوئے موٹروے پولیس افسران سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجہ میں انسپکٹر امجد علی موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ سب انسپکٹر وحید اﷲ ہیڈ کانسٹیبل اختر علی اور حادثہ میں ملوث گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال اور پمز اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل اختر علی نے بھی جام شہادت نوش کیا جبکہ سب انسپکٹر وحید اﷲ اور حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑی کا ڈرائیور ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔