• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فہمیدہ مرزا کا سعید غنی کیخلاف اسپیکر سندھ اسمبلی کو خط

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے صوبائی وزیر سعید غنی کے خلاف اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کو خط لکھ دیا۔

خط میں صوبائی وزیر سعید غنی کی جانب سے قواعد و ضوابط پامال کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آغا سراج درانی سے ایوان اور قواعد و ضوابط کے تقدس کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

خط میں لکھا گیا کہ سعید غنی نے وزیراعلیٰ کی موجودگی میں 25 جون کو ایوان میں تقریر کی، سعید غنی نےالزام لگایا میں نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی تحریف شدہ رپورٹ دی۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ دعویٰ یکسر بے بنیاد اور غیر آئینی ہے جس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، سعید غنی کی تقریر مشترکہ مفادات کونسل اور وفاقی وزیر کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ قومی اداروں کو سیاست زدہ کرنے کی بجائے انکے تقدس کا احترام کیا جائے، ای او بی آئی، ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ملازمین کی خدمات صوبوں کو دینے سے متعلق کمیٹی قائم کی جائے۔

خط کے مطابق ذیلی کمیٹی نے صوبوں اور فنانس ڈویژن سمیت تمام متعلقہ فریقین کو اپنے نکتہ ہائے نظر بیان کرنے کا موقع دیا، 23 دسمبر 2019 کے اجلاس سے قبل کمیٹی نے مشترکہ مفادات کونسل کے اراکین کو رپورٹ کی نقول فراہم کیں۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے یہ بھی لکھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سمیت کسی بھی رکن نے رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، وفاقی وزیر کو کوئی خصوصی انتظامی اختیارات حاصل نہیں، مجھے بطور پہلی منتخب خاتون اسپیکر خدمات سرانجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آئین و جمہوریت کیلئے میری کاوشوں کو ملکی و غیر ملکی سطح پر بھرپور سراہا گیا ہے۔

تازہ ترین