• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہائی غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے انتہائی غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ایسی حکمت عملی بنانی ہوگی جس سے معیشت بحال اور عوام کورونا سےمحفوظ رہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی و اقتصادی تھنک ٹینک کا اجلاس  ہوا، جس میں مشیرِخزانہ عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے معاشی و اقتصادی تھنک ٹینک کے مقاصد پر بریفنگ دی۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں معیشت کی بہتری کے لیے سخت اقدمات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران پہلے دن سے ہی معیشت اور عوام کو اس وائرس سے بچانے کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشیت بری طرح متاثر ہوئی، اولین ترجیح ہے کہ ایسی حکمت عملی ہو جس سے معیشت بحال اور عوام کورونا سے محفوظ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں معاشی نموکے لئے آؤٹ آف دی باکس حل کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان پر بھی منفی اثر ڈالا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری مرکزی توجہ معاشرے کے انتہائی غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر ہے، احساس پروگرام سے ہمیں اس حکمت عملی کی تکمیل میں کافی مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، احساس پروگرام کی مزید ضرورت مندوں تک توسیع کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات اور رہائش کے شعبے کے لیے ایک بہترین پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، تعمیرات پیکیج کا مقصد روزگار کے مواقع اور معیشت کے پہیے کو چلانا ہے جبکہ اس کا مقصد غریب عوام کو سستی رہائش فراہم کرنا بھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے معیشت، عوام کو کورونا سے بچانے کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔

وزیراعظم عمران خان نے تھنک ٹینک کی جانب سے بینکنگ اور فنانس سے متعلق پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھنک ٹینک باقاعدگی سے حکومتی منصوبوں، پالیسیوں اور اقدامات سے متعلق فیڈبیک دیتا رہے۔

اس حوالے سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ تھنک ٹینک کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین سے مل کر معیشت میں بہتری کے اقدامات کرنا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آج بینکنگ اور فنانس سیکٹر کو دیکھا گیا، لوگوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ کیا گیا، تعمیراتی شعبے میں لوگوں کو مراعات دینے کے فیصلے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ سبسڈیز کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے ضرورت مندوں تک ان کا حق پہنچانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سابق سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، مشیر تجارت رزاق داؤد، شوکت ترین، سلطان الانا، ڈاکٹر اعجاز نبی نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے  شرکت کی۔

تازہ ترین